لومیر برادرز سے بہت پہلے ہی فلم میکنگ کے سائنسی تجربات کا آغاز ہو چکا تھا اس رنگ برنگی اور چمکتی دمکتی فلمی دنیا کو کہانیوں سے فلم پروڈکشن کمپنیز نے سجایا گزشتہ تقریباً سو ا سو سال کے عرصے میں کتنی ہی شاہکار فلمیں بنیں، جنہیں عظیم الشان فلم سازاداروں نے پروڈیوس کیا یونیورسل اسٹوڈیوز نے اس سو سال سے زائد عرصے میں کئی سدا بہار شاہکار تخلیق کیے ہیں تاریخ میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی سوبہترین فلموں میں سے 11 وارنر برادرز نے پروڈیوس کی ہیں والٹ ڈزنی امریکا اسٹوڈیوز ڈزنی کا ایک ذیلی ادارہ ہے، جو اینیمیٹڈ شارٹس اور فیچر فلمز بناتا ہے دنیا کے چھ بڑے اسٹوڈیوز میں 20 سنچری فوکس کا بھی شمار ہوتا ہے
پیراماؤنٹ پکچرز
دنیا کی چھ بڑی فلم کمپنیزمیں پیراماؤنٹ کا شمار بھی ہوتا ہے، جو میڈیا گروپ ویاکام کا حصہ ہے۔ اس اسٹوڈیو کا قیام 1912 میں عمل میں آیااور یہ بھی یونیورسل پکچرز کے ساتھ ساتھ امریکا کا قدیم ترین اسٹوڈیو ہے۔ اس طویل سفر میں انہوں نے کچھ سدا بہار فلمیں بنانے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ ان کی سب سے بڑی کامیابی ٹائی ٹینک ہے، جس نے 2 بلین ڈالرز سے زیادہ کا بزنس کیا۔ اس کے علاوہ ان کی مقبول ترین سیریز میں مشن امپوسبل، انڈیانا جونز اور ٹرانسفارمرز شامل ہیں۔ پیرا ماؤنٹ کا ایک ذیلی ادارہ پیراماؤنٹ اینیمیشن بھی ہے، جس کا آغاز 2011 میں تب ہوا جب ڈریم ورکس نے پیر اماؤنٹ کے ذریعے اپنی اینیمیٹڈفلمیں ریلیز کرنے کا معاہدہ ختم کر دیا تھا۔ پیراماؤنٹ اینیمیشن کو ڈریم ورکس، ڈزنی اور پکسار کی اینیمیٹڈفلموں سے مقابلے کے لیے تیار کیا گیا تھا
پیراماؤنٹ کے دیگر ذیلی اداروں میں پیراماؤنٹ ہوم میڈیا ڈسٹری بیوشن ، پیرا ماؤنٹ فیمس پروڈکشنز ، ایم ٹی وی فلمز اور نکلوڈین موویز شامل ہیں۔ باکس آفس کے حساب سے دیکھا جائے ، تو ٹائی ٹینک تا دم تحریر تاریخ کی تیسری کامیاب ترین فلم ہے اور پیراماؤنٹ کی دیگر کامیاب فلموں میں ٹرانسفارمرز سیریز کی دو فلمیں یعنی ڈارک آف دی مون اور ایج آف ایکسٹینشن شامل ہیں۔
لائنز گیٹ فلمز
دنیا کے سات منافع بخش ترین فلم اسٹوڈیوز میں لائنز گیٹ فلمز کا بھی شمار ہوتا ہے، جو شمالی امریکا کی کمرشل اعتبار سے کامیاب فلم اور ٹی وی ڈسٹری بیوشن کمپنی ہے۔ لائنز گیٹ کی شروعات 1962میں مانٹریال میں سنی پکس کے قیام سے ہوئی، جسے 1997میں لائن گیٹ انٹرٹینمنٹ گروپ نے خرید لیااور اسے موجودہ نام دیا۔ ان کی کامیابی میں چند دیگر اسٹوڈیوز کی خرید کا بھی ہاتھ ہے، جن میں ٹرائی مارک پکچرز، ویسٹرون پکچرز اور آرٹیسن انٹرٹینمنٹ شامل ہیں۔
لائنز گیٹ نے دی ایکسپینڈیبلزاور ہنگر گیمز جیسی مقبول سیریز پروڈیوس کی ہیں۔ لائنزگیٹ کا سب سے کامیاب ذیلی ادارہ سمٹ انٹرٹینمنٹ ہے، جس کے کریڈٹ پر ٹوائیلائٹ، نوئنگ اور ناؤ یو سی می جیسی فلمیں ہیں۔ لائنز گیٹ کے دیگر ذیلی ادارے لائنز گیٹ پریمئر، روڈسائڈ اٹریکشنز ، پینٹیلین فلمز اور کوڈ بلیک فلمز ہیں۔ تاریخ کی کامیاب ترین فلموں میں فی الحال لائنز گیٹ کی کسی پروڈکشن کا نام شامل نہیں ہے، لیکن موثر کاروباری فیصلوں اور زمانے کی جدت کو تیزی سے اپنانے کی روش اسے ایک دن بہت بڑی فلم کمپنی کا درجہ دلا دے گی۔ دنیا بھر کے شائقین اور ناقدین اس بات پر یقینا متفق ہیں اور اس وقت کے منتظر ہیں۔
وین اسٹائن کمپنی
دو بھائیوں ہاروے اور بوب وائن اسٹین نے 1979 میں میرامیکس کمپنی کی بنیاد رکھی تھی، لیکن 2005 میں اپنی اس کمپنی کو چھوڑ کے انہوں نے وین اسٹائن کمپنی کے نام سے ایک نئی شروعات کی۔ اس اسٹوڈیو کی کامیاب فلموں میں ڈی ریلڈ، اسکریم فور اور 1408 شامل ہیں۔ کامیاب اور منافع بخش فلمیں بنانا ان کی عادت رہا۔ ان کی کامیاب ترین فلم جینگ ان چینڈ ہے، جس نے باکس آفس پر 425ملین ڈالرز کا بزنس کیا۔ اس اسٹوڈیو کے ذیلی اداروں میں ڈائمینشن فلمز شامل ہے، جس کو ڈزنی سے خریدا گیا تھا۔ اس ادارے کو کچھ پرانی فلموں کے اگلے زبردست حصے بنانے کا اعزاز حاصل ہوا، جیسے اسکیری مووی فور اور فائیو، اسکریم فور اور اسپائی کڈز آل دی ٹائم ان دی ورلڈ۔ وین اسٹائن کمپنی کو 2017 میں کچھ تنازعات کا سامنا کرنا پڑا، جب ہاروی وائن اسٹین پر جنسی ہراسانی کے الزامات لگے۔
ان کو کمپنی سے نکال کر 19 مارچ 2018 کو اسٹوڈیو کو دیوالیہ قرار دے دیا گیا۔ ایک پرائیویٹ فرم لینٹرن کیپٹل نے نیلامی میں اسٹوڈیو کے اثاثہ جات خریدے اور اب وہی اس کی مالک ہے۔ اس اسٹوڈیو کی کوئی فلم تاریخ کی کامیاب ترین فلموں میں تو شمار نہیں ہوتی، لیکن جینگو ان چینڈ ، دی کنگز اسپیچ، سلور لائننگز پلے بک، ان گلورئیس باسٹرڈز اور دی بٹلر نے اچھا خاصا بزنس کیا۔ اس کے علاوہ اول الذکر تینوں فلموں نے بالترتیب چار، دو اور ایک آسکر ایورڈ جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
میٹرو گولڈون مائر اسٹوڈیوز
اگر کسی فلم کے آغاز پر آپ کو کمپنی کے لوگو کے اندر ببر شیر دھاڑتا نظر آئے ، تو آپ فوراً سمجھ جاتے ہیں کہ یہ میٹرو گولڈون مائر کی پروڈکشن ہے، جو بچوں کی مقبول ترین کارٹون سیریز ٹام اینڈ جیری کے بھی خالق ہیں۔ میٹرو گولڈون مائرکی تاریخ سے پہلے ذرا اس ببرشیر کا ہی ذکر ہو جائے، جو آج بھی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا مقبول ترین ببر شیر ہے اور اس کی دھاڑ ادارے کی پہچان ہے۔ میٹرو گولڈون مائرکے لوگو کی تشکیل کا ذمہ ہاورڈ ڈائٹز کا تھا، جنہوں نے اپنے تعلیمی ادارے کولمبیا یونیورسٹی کو اس ببر شیر کے استعمال کے ذریعے خراج تحسین پیش کیا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ کولمبیا یونیورسٹی کی ایتھلیٹکس ٹیم کو لائنز کہتے تھے۔ آغاز سے لے کر آج تک میٹرو گولڈون مائر نے اپنے لوگو میں گیارہ مختلف ببر شیر استعمال کیے ہیں اور انہیں لیو دی لائن کا نام دیا۔
میٹرو گولڈون مائر اسٹوڈیوز کا قیام 1924 میں عمل میں آیا اور یہ اس وقت کا سب سے بڑا، لیکن روایت پسند اسٹوڈیو تھا۔ کہنے والے کہتے ہیں کہ اس اسٹوڈیو کی جدت اپنانے کی رفتار ہمیشہ سے سب سے کم رہی اور یہی وجہ ہے، دیگر ادارے اس سے آگے نکل گئے۔ اس کو کئی بار خریدا ور بیچا گیا اور 2010 میں انہوں نے دیوالیہ ہونے کا مقدمہ بھی دائر کر دیا تھا۔ حالات کچھ بہتر ضرور ہوئے، لیکن اب میٹرو گولڈون مائر کا شمار درمیانی نوعیت کے اسٹوڈیوز میں ہوتا ہے۔ اپنے اتنے طویل سفر کے دوران انہوں نے کچھ سدا بہار کلاسک فلمیں شائقین کو دیں جیسے بین ہر، ڈرٹی ڈزن اور گولڈن آئی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ میٹرو گولڈون مائر کی کامیابی میں بڑا حصہ جیمز بونڈ سیریز کی فلموں کا ہے، لیکن مستقبل کی کامیابی اور ناکامی کا دارومدا ر ان کی پروڈکشنز کے باکس آفس بزنس پر ہوگا، جو شاید ایک بار پھر انہیں بڑے اسٹوڈیوز کی فہرست میں پہنچا دے، فی الحال تو ان کی کامیاب ترین فلم اسکائی فال ہے، جو بہترین بزنس کی تاریخ میں تادم تحریر 30 ویں نمبر پر ہے۔
ڈریم ورکس پکچرز
ڈریم ورکس پکچرزایک مووی اسٹودیو ہے، جو ایمبلین پارٹنرز کی ملکیت ہے ۔ اسے 1994 میں اسٹیون اسپیل برگ، جیفری کیزنبرگ اور ڈیوڈ گیفن نے قائم کیا تھا۔ ان کی بہترین فلموں میں سیونگ پرائیویٹ رائن، گلیڈی ایٹر اور ٹرانسفارمزشامل ہیں۔ موجودہ صدی کے آغاز پر ڈریم ورکس کی کارکردگی نہایت اچھی تھی اور وہ بہترین فلم کے تین اکیڈیمی ایوارڈز جیتنے کے ساتھ ساتھ باکس آفس پرسو ملین ڈالرز کا بزنس کر چکے تھے ۔ تاہم 400ملین ڈالرز کے خسارے کے بعد 2005میں یہ اسٹوڈیو ویاکام کے ہاتھوں بک گیا۔ ان کا سب سے بڑا اور کامیاب ذیلی ادارہ ڈریم ورکس اینیمیشن تھا، جس نے اینٹس، پرنس آف ایجپٹ، چکن رن اور شریک جیسی فلمیں بنائیں۔ یہ ڈویژن اب این بی سی یونیورسل کی ملکیت ہے۔ باکس آفس کی 50بہترین فلموں میں ڈریم ورکس کی کوئی فلم نہیں ہے، لیکن شریک ، شریک ٹو، سیونگ پرائیویٹ رائن ، مڈاگاسکر اور گلیڈی ایٹر ان کی کامیاب ترین فلمیں ہیں۔ گلیڈی ایٹراور سیونگ پرائیویٹ رائن نے پانچ پانچ، جبکہ شریک نے ایک آسکر ایوارڈ جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے۔
فلموں کا بنیادی کردار تو لوگو ں کو بامقصد تفریح پہنچانا ہی ہے، لیکن فلمی صنعت کے تین اہم پہلو ہیں۔ پہلا فنی یا تخلیقی صلاحیت پر مبنی ہے، جو کہانی اور موضوع سے شروع ہوکر موثر اداکاری اور ہدایت کاری پر ختم ہوتا ہے۔ دوسرا پہلو سائنسی یا تکنیکی ہے، جو کسی بھی فلم کو جدت بھرے انداز میں دیکھنے کے قابل بناتا ہے اور ہدایت کار کی سوچ کو عملی جامہ پہناتا ہے۔ تیسرا پہلو ایک مکمل پروڈکٹ کی شکل میں فلم کی مارکیٹنگ ہے، تاکہ اس کو لوگوں کے لیے قابل قبول اور اداروں کے لیے منافع بخش بنایا جائے ۔ فلم کمپنیز ان تینوں پہلوؤں کو یکجا کر کے اپنا کام کر رہی ہیں اور کرتی رہیں گی، تاکہ لوگ اپنے پسندیدہ شوق سے لطف اندوز ہوتے رہیں۔