نولی وڈ نائیجیرین فلم انڈسٹری کی عرفیت ہے، جو کچھ برسوں میں ریلیز شدہ فلموں کی تعداد کے اعتبار سے ہالی وڈ اور بالی وڈ کے بعد تیسری بڑی انڈسٹری ہے۔ نولی وڈ نام بھارت کے بولی وڈ اور امریکا کے ہالی وڈ سے متاثر ہوکے رکھا گیا ہے۔ نولی وڈ ان نائیجیرین فلموں کا احاطہ کرتا ہے، جو بر اعظم افریقا اور تارکین افریقا کی جانب سے قائم ذیلی انڈسٹریز بناتی ہیں۔ چھوٹے سیکٹرز یوروبا اور ہاؤسا زبان کی فلموں پر فوکس کرتے ہیں۔ مغربی افریقاکے پڑوسی ملک گھانا سمیت دیگر ممالک میں بننے والی انگریزی نائیجیرین فلمیں بھی نولی وڈ کے بینر تلے ہی شمار ہوتی ہیں۔
امباز ڈائمنڈ
یہ فلم”سیئے باباٹوپے “کی ہدایت کردہ فلم ہے۔ اسے ”ڈارلنگٹن ابودا “نے لکھا اور تیار کیا۔ یہ 2021 میں ریلیز کی گئی تھی۔ ایک ایسی فلم، جو تیز رفتار ایکشن پر مبنی کامیڈی فلم ہے، جو دو شوقیہ چوروں کی کہانی بیان کرتی ہے۔ وہ ایک کار کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کرتے ہوئے غلطی سے دنیا کا سب سے قیمتی ہیرا چرا لیتے ہیں۔ فلم کی کاسٹ میں سابق فوجیوں اور نئے چہروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔”گیبریل افولائن“ ایک بہترین اداکار ہیں۔ دوران فلم ناظرین یہ سمجھ نہیں پاتے کہ ہیرے کا اصل چور کون ہے۔ گبریل اور ولیمز اچیمبا کے درمیان کیمسٹری چوروں کا ایک مزاحیہ امتزاج بناتی ہے اور شائقین کے لیے دلچسپی کا باعث بن جاتی ہے۔ فلم آپ کو سیٹ کے کنارے تک لے جاتی ہے اور آپ سے پوری توجہ دینے کا مطالبہ کرتی ہے۔ اس فلم کا ایک اور مرکزی کردار”این ایس سی ایکپے ائتم “اک پرسکون اور خوبصورت عورت ہے۔ وہ ہمیشہ مسکراتے اور ہنسنے والے کرائم لارڈ کے طور پر دیکھنے میں خوبصورت ہے۔
اس فلم میں اگرچہ ایک یا دو سین بہتر ہو سکتے تھے، لیکن وہ بہترین اسکرپٹ رائٹنگ اور مکالمے سے دور نہیں ہوئے۔ یہ بات بھی سمجھ سے بالاتر ہے کہ قانون نافذ کرنے والا ایک افسرکیس کی تفصیلات، ایک ہی دن میں دو بار اس شخص کو کیوں دے گا، جسے اس نے بچایا ہے۔ یہ ایک غیر پیشہ ورانہ عمل ہے، لیکن اسے کسی نہ کسی طرح اسکرپٹ میں بیان کیا گیا۔ فلم میں دکھائے گئے کچھ سینز قابل یقین شمار کیے جاسکتے ہیں۔ تکنیکی طور پر، فلم میں صوتی اثرات کا استعمال بہترین ہے اور کیمرے کے زاویےاورمختلف تکنیک کااستعمال غیر معمولی اور دلچسپ تھا۔ لڑائی کے مناظر اچھی طرح سے کوریوگراف کیے گئے ہیں،
جو آپ کو حقیقی عمل نظر آتا ہے اور آپ کو لطف اندوز کرنے میں کامیاب ہوسکتا ہے۔ فلم ایک حقیقی ایکشن کامیڈی پیش کرتی ہے، ہنسی اور ایکشن کا صحیح امتزاج فراہم کرتی ہے، ساتھ ہی ساتھ خطرے کے درست تناسب کی بھی عکاسی کرتی ہے۔ چند احمقانہ پہلو پوری فلم کو ناکام نہیں بناسکتے، مجموعی طورپر فلم بہتر ہے، اس موضوع میں دلچسپی رکھنے والے اس کو دیکھ سکتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اومو گیٹو۔ دی ساگا ون
اس فلم کا پہلا حصہ 2010 میں ریلیز کیا گیا تھا، جس کو’’ابیوڈن اولن ریواجو‘‘ نے ڈائریکٹ کیا تھا۔ اس فلم کے مرکزی کرداروں میں ریچل اونیگا، تائیو ہاسن، ینکا کوادری، اینیولا بدمس، رونکے اوجو شامل ہیں۔ فلم ساز”فنکے“ ایک ایسی فلم بنانے میں کامیاب ہو گئی ہے، جس سے ان کی پچھلی ہٹ فلم’’جینیفا‘‘ کا موازنہ کیا جاسکتا ہے۔ گزشتہ کچھ سالوں میں’’اومو گیٹو‘‘ سب سے زیادہ مقبول ہونے والی فلموں میں سے ایک شمار کی جاتی ہے۔
نالی وڈ نے متعدد فلمیں تیار کی ہیں، جو جڑواں کرداروں کی عکاسی کرتی ہیں اور یہ فلم بھی اس سے مستثنیٰ نہیں ہے۔ یہ فلم ناظرین کو سوچنے پر مجبور کرتی ہے اور سسپنس پیدا کرتی ہے، جو ایک اچھی فلم کا نچوڑ ہوتا ہے۔ تاہم، اومو گیٹو کا پلاٹ جڑواں بچوں کے ایک سیٹ کے گرد بُنا گیا ہے، جو پیدائش کے وقت الگ ہو گئے ہیں اور بالکل مختلف زندگی گزار رہے ہیں۔”گیٹو“ ایک بچی ہوتی ہے، جو بدنام زمانہ خواتین گینگ کی لیڈر ہے، جبکہ دوسری غصے کی تیز ہوتی ہے اور مزاج میں اپنے بہن کے مقابلے میں کافی مختلف ہے۔ فلم کے ہدایت کاراپنے کیمرے کے زاویوں اور شاٹس کی بدولت گیٹو میں غربت اور موجود خوبصورتی کو شاندار طریقے سے دکھانے پر پذیرائی کے مستحق ہیں۔
ابتدائی چند مناظر فلم بینوں کو اُس ناہموار بستی میں زندگی کے سفر پر لے جانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ ہدایت کار ان علاقوں میں زندگی کی حقیقت کو ناظرین کے سامنے پیش کرتے ہیں، ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کیا جاتا ہے کہ غربت میں بھی لوگ زندگی گزارتے اور کھاتے ہیں، ایک ردی کی جگہ پر افزائش نسل بھی کرتے ہیں۔ فلم میں غیر متعلقہ مناظر کی ضرورت سے زیادہ بھرمار ہے، جن کو مختصر کیا جاسکتا تھا۔ اداکاری بہتر تھی اور فلم میں مزاح کو اداکاروں نے تھامے رکھا، جس سے فلم میں انٹرٹینمنٹ کا عنصرقائم رہا۔
نائیجیریا ہی میں اس فلم کا دوسرا حصہ”اوموگیٹو۔ دی ساگاٹو“ کو 2020 میں نائیجیریا میں ریلیز کیا گیا تھا، جس کی ہدایت کاری”فنکے اکنڈیلے“ اور”جے جے سی“ نے ترتیب دی ہے۔ اس فلم کے مرکزی کرداروں میں فنکے اکنڈیل، بیمبو تھامس، اینیولا بیڈمس اور چیوما اکپو شامل ہیں۔ اکینڈیل اور ان کے شوہر جے جے سی سکلز کی مشترکہ ہدایتکاری میں بننے والی یہ فلم بلاک بسٹر بننے کے لیے تیار تھی۔ اس میں وہ تمام عناصر موجود ہیں، جو اسے باکس آفس پر کامیاب بنانے کے لیے درکار تھے۔ ایک کلاسک کے سیکوئل کی پرانی یادیں، متاثر کن اداکاری، بہترین پروڈکشن اور سب سے اہم بات، ایک مانوس کہانی ہے، یہ کوئی تعجب کی بات نہیں ہے کہ اس فلم نے ایک ماہ میں باکس آفس پر 636 ملین سے زیادہ کمائی کی۔
فضائی اور وسیع زاویے کے مناظر کے ساتھ، فوٹوگرافی کے ڈائریکٹر، جان ہیمپس، فلم کے پہلے چند مناظر میں، اسکامایا کے سیٹ اپ کو بستی کے طور پر اس کی خصوصیت کے زنگ آلود ہونے کے ساتھ شوٹ کرتے ہیں۔ فلم کا پہلا ہاف آپ کو بور کر سکتا ہے کیونکہ ہر کردار کا تعارف اور اسٹیبلشمنٹ بہت طوالت کا شکار ہے۔ یہ دیکھنا سنسنی خیز ہے، زبردستی نہیں بلکہ صرف اوور پلے کیا جاتا ہے۔ تاہم، آپ کو فلم کی حقیقت میں اس وقت جھٹکا دیا جائے گا، جب اس میں گینگسٹرزم، ہڈونزم، منشیات، جسم فروشی، انٹرنیٹ فراڈ، پولیس فورس میں بدعنوانی اور وہ کس طرح کچی بستیوں میں ایک ساتھ رہتے اور وہاں گٹھ جوڑ قائم کرتے ہیں۔ اس فلم کی پرت کوایک سے زیادہ طریقوں سے ظاہر کیا جاسکتا تھا۔ فلم ساز اکینڈیل نے فلم تیار کی اور اس کے شریک ہدایت کار بھی رہے۔ انہوں نے اسی فلم میں انتہائی متضاد اور دوہرے کردار بھی ادا کیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ون لاگوس نائٹ
ون لاگوس نائٹ 2021 کی نائیجیرین کرائم کامیڈی فلم ہے، جو لاگوس میں سیٹ کی گئی ہے۔ اس کی ہدایت کاری”ایکین سوم میکوو“ نے دی تھی۔ اس کے اداکاروں میں اینیولا بدمس، علی نوہو، فرینک ڈونگا، اکپونموسا گولڈ، اوگبولر، کرس اوکاگبیو، جینووا امیہ، اینی ایوہو، دیران ایڈرینٹو شامل ہیں۔ ون لاگوس نائٹ ایک کم بجٹ والی نائیجیرین کامیڈی فلم ہے، جس میں کچھ غیر سنجیدہ مزاحیہ اور احمقانہ کردار ہیں، لیکن یہ اپنی ناقص پروڈکشن اور ڈھلتے پلاٹ کے ساتھ فلمی تجربے کے طور پر اوسط سے قدرے کم ہے۔ دو مایوس دوست ایک’’مقدس مشن‘‘ پر مل کر ایک عورت کو لوٹنے کے لیے تیار ہیں، ان کے خیال میں جو بدعنوان سیاستدانوں کے لیے منی لانڈرنگ کر رہی ہوتی ہے۔
یہ فلم واضح طور پر کم بجٹ پروڈکشن ہے ،جو ایک کم تجربہ کار ٹیم نے بنائی ہے۔ سب سے برا پورشن صوتی اثرات کا ہے۔ بہت سے کردار فلم میں کسی نہ کسی موقع پر شور کرتے دکھائی دیتے ہیں، لیکن بہت سے چیخنے والے مائکس کو باہر نکال دیتے ہیں اور فائنل آڈیو میں کافی برا لگتا ہے۔ فلم کا زیادہ تر حصہ رات کو شوٹ ہوا ہے اور لائٹنگ اتنی ناقص ہے، اداکاروں کے چہروں پر جذبات کے تاثرات کو محسوس کرنا مشکل امر تھا کہ آخر ہو کیا رہا ہے۔ سینماٹوگرافی بھی کوئی زیادہ خاص نہیں ہے۔ فلم کا اسکرین پلے بھی مناظر کو بیان کرتے ہوئے کہانی کی تشنگی پر ختم ہوتا ہے۔
بہت سارے منظرنامے تھے، جو غیر حقیقی طور پر شوٹ کیے گئے، لیکن اندازہ یہ ہے، یہ واقعی کسی کے لیے حیران کن نہیں ہونا چاہیے۔ فلم کے دوران کچھ تکنیکی مسائل بھی تھے، جو میں نے محسوس کیے، جیسے کہ بعض مناظر میں آڈیو کی کمزوری واضح طور پر دکھائی دی۔ یہ بتانا مشکل ہے، آیا یہ خود فلم سے تھا یا نیٹ فلیکس کی تکنیکی غلطی تھی، لیکن یہ پہلو قابل توجہ ہے، اس پرفلم ساز کوغور کرنا چاہیے تھا۔ اس فلم کی کہانی ناقص مگر اس کے باوجود مضحکہ خیز کرائم کامیڈی ہے۔
یہ دومرکزی طاقتوں کی کہانی ہے، جس سے دونوں اداکاروں کو، جنہوں نے یہ کردار نبھایا،ان کو اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کا کافی موقع ملتا ہے۔ ہو سکتا ہے، یہ فلم ہر کسی کے ذوق کے مطابق نہ ہو، لیکن اپنے موضوع میں ایک مختلف فلم ضرور ہے، جس کو کچھ فلم بین پسند بھی کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دس لیڈی کال لائف
یہ 2020 کی ایک فلم ہے، جو 2021 میں نیٹ فلکس پر بھی ریلیز ہوئی تھی، اگر بات کی جائے فلم کے پلاٹ کی تو”بیسولا ایائے “ایک نوجوان اکیلی ماں ہے، جو لاگوس کے جدید شہر میں زندگی کی بڑھتی ہوئی مہنگائی سے نمٹنے کے لیے مالی طور پر جدوجہد کر رہی ہے۔ وہ ایک معمولی کاروبار چلانے میں بہت محنت کرتی ہے، جو اسے بمشکل ایک معقول معیار زندگی فراہم کرتی ہے۔ اس فلم کے مرکزی کرداروں میں بیسولا ایائے، لوٹا چکو ، والے اوجو ، ٹینا ایم بی اے اور دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔
اس فلم کی ہدایت کاری”کیودے کسم“ نے سرانجام دیں جبکہ تولوانی اوبیان نے اسکرین پلے تحریر کیا۔ یہ کہانی غیر معمولی نوعیت کی ہے، یہ ایک ایسے موضوع کے ارد گرد لکھی گئی کہانی ہے، جسے بہت سے لوگ چھپانے یا ضائع کرنے کو ترجیح دیتے ہیں، جیسا کہ ہم ناقص معیار کی شراب کی بوتل رکھتے ہیں، پھر بھی، یہ دیکھنا اچھا ہے کہ اس معاملے کو اس طرح نمٹا گیا ہے ،جس سے ہمیں اس بات کا دوبارہ جائزہ لینے میں مدد ملتی ہے کہ ہم جو کچھ جانتے ہیں، ضروری نہیں ، وہ واقعی ایسا ہو۔ ہمیں اپنے فیصلے خود کرنے چاہییں۔ اس فلم میں، میں نے جس تکنیک سے واقعی لطف اٹھایا ،وہ یہ ہے کہ مرکزی اداکار کے خیالات کو کیسے عملی جامہ پہنایا جاتا ہے، ہم فوراً جان جاتے ہیں، وہ وہی ہے ،جو وہ کہنا چاہتی ہے، لیکن وہ اپنی آواز کو بلند کرنے میں ہچکچاتی ہے۔ ہم سب اس سے اچھی طرح خود کو جوڑسکتے ہیں۔
اس میں ایک بہترین فلیش بیک بھی ہے، اس تکنیک کو نولی وڈ میں اکثر برتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ فلیش بیک ایک عمدہ کاوش ہے۔ اس فلم میں سب سے پہلی چیز جو آپ کو متاثر کرتی ہے، وہ بہترین کلر کا استعمال ہے، وہ فلم کو بہت اچھا معیار دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ، مقامات فلم کی کشش میں اضافہ کرتے ہیں اور فلم کو متعلقہ بنا دیتے ہیں، اگرچہ کوئی غیر معمولی کیمرے کے زاویے تو نہیں ہیں۔
البتہ اس میں جو کچھ بھی دستیاب آیا ، اس کو خوبصورتی اور فن کے ساتھ برتا کیا گیا ہے، جو فلم میں ایک اچھا احساس چھوڑتا ہے۔ آخر میں، یہ پیداوار بھی فلسفیانہ ہے، جو ہمیں دکھاتی ہے کہ تاریخ اپنے آپ کو نہیں دہراتی بلکہ ہم اسے دہراتے ہیں۔