نولی وڈ نائیجیرین فلم انڈسٹری کی عرفیت ہے، جو کچھ برسوں میں ریلیز شدہ فلموں کی تعداد کے اعتبار سے ہالی وڈ اور بالی وڈ کے بعد تیسری بڑی انڈسٹری ہے۔ نولی وڈ نام بھارت کے بولی وڈ اور امریکا کے ہالی وڈ سے متاثر ہوکے رکھا گیا ہے۔ نولی وڈ ان نائیجیرین فلموں کا احاطہ کرتا ہے، جو بر اعظم افریقا اور تارکین افریقا کی جانب سے قائم ذیلی انڈسٹریز بناتی ہیں۔ چھوٹے سیکٹرز یوروبا اور ہاؤسا زبان کی فلموں پر فوکس کرتے ہیں۔ مغربی افریقاکے پڑوسی ملک گھانا سمیت دیگر ممالک میں بننے والی انگریزی نائیجیرین فلمیں بھی نولی وڈ کے بینر تلے ہی شمار ہوتی ہیں۔
اسٹرینجر
29 اپریل 2022 کو اس مذکورہ فلم کی ریلیز ہوئی۔ اس فلم کی ہدایت کاری”بیوڈن اسٹیفن“ نے کی ہے۔ اس میں اداکاری کے جوہردکھانے والے مرکزی کردار لطیف اڈیڈمیجی، بمبواوشن اور ڈیبی فیلیکس ہیں۔ یہ فلم حقیقی زندگی کی ترجمان ہے، جو امیدو آس کے ساتھ رواں ہے، مگر حالات کی تلخیاں اور رنجشیںمایوسی کے ماحول میں بھی امید کی کرن ثابت ہوسکتی ہیں۔ اس فلم نے بڑے بڑے بجٹ والی نولی وڈ فلموں کے برعکس یہ ثابت کیا کہ ایک بہترین فلم تشکیل دینے کے لیے اعلیٰ طرز کے مقامات اور سیٹ کی تزین و آرائش کی ضرورت نہیں ہوتی، بلکہ کہانی کے پلاٹ کا پختہ ہونا ضروری ہوتا ہے۔ اس فلم نے امریکا لاس اینجلس میں منعقدہ انٹرنیشنل انڈیپنڈنٹ فلم ایوارڈ میں بہترین ہدایت کاری پر گولڈن ایوارڈ بھی حاصل کیا۔
یہ فلم افریقا کے جنوب مغربی علاقہ میں واقع گائو ں کی زندگی پر بنا ئی گئی ہے۔ دور دراز گائوں میں ایک لڑکا ایڈیٹولا(ادے) رہتا تھا، جو تیراکی کے دوران پیش آنے والے حادثے میں اپنی ٹانگ پر ایسا ناسور پال لیتا ہے، جس سے اس کی زندگی ہر گزرتے دن کے ساتھ موت کی دستک سنتی ہے۔ ادے کی ماں اس کے کٹھن وقت میںاس کا بھرپور ساتھ دیتی ہے۔ ادے کو ایک محسن ملتا ہے، جو اس کے خواب کی تعبیرپانے میں مدد کرتا ہے،
اس طرح ادے کی سرجری ہوتی ہے اور وہ محسن اس کی تعلیم کا ذمہ اٹھاتا ہے۔ ادے3 1 برس کی عمر میں تعلیم حاصل کرنا شروع کرتا اور ڈاکٹر بننے کا فیصلہ کرتا ہے۔ اپنے مقصد کے حصول کے لیے اپنی بیماری کو بھی رکاوٹ بننے نہیں دیتا۔ ادے ناداری اور تنگ دستی کی زندگی، بیماری اور مایوسی کے باوجود بھی حالات کا سامنا بڑی دلیری سے کرتا ہے اور اپنے عمل سے ثابت کرتا ہے، اگر کچھ بننے کی آرزو ہو، تو انسان ہر آزمائش سے لڑکر زندگی کی جنگ جیت سکتا ہے، بس ثابت قدم رہنا مشروط ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مونا
اس فلم کی ریلیز کا سال 2019 ہے، اس کونائجیریا کے علاوہ دیگر افریقی ممالک، جن میںلائبیریا اور گھانا شامل ہیں، وہاں بھی نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔ مونا ایکشن کرائم کہانی پر مبنی فلم ہے۔ جرائم کے موضوعات پر مبنی یہ فلم بہت شان دار ثابت ہوئی۔ اس کو امریکا اور نائجیریا دونوں ممالک میں شوٹ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اس فلم میں امریکی اداکاروں نےبھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا ئے۔ اس کے ہدایت کار”کیون نوانکوور“ ہیں، جنہوں نے عمدہ انداز میں فلم کی ہدایت کاری کے فرائض انجام دیے۔ اس فلم کے مرکزی کرداروں میں ایڈوساایٹومی، ایڈم ہس اور میسی فرلان شامل ہیں۔ فلم کی کاسٹ میں نولی وڈ اور ہولی وڈ کے نامور اداکار موجود ہیں۔ مذکورہ فلم نے ریلیز ہونے کے دو روز بعد ہی کئی ملین ڈالرز کا بزنس کیا۔ یہ فلم ایک ایوارڈ یافتہ مصنفہ کی کہانی پر بنی ہوئی شاہکار فلم ہے۔
یہ کہانی مونا نامی لڑکی کی ہے، جس کو باہمت اور پُرجوش دکھایا گیا ہے۔ مونا کی پرورش اس کی دادی نے کی تھی، جو اس خاندان کا آخری رکن ہے۔ مونا اپنی اور دادی کی زندگی کو بہتر حالات فراہم کرنے کی خواہش میں خطرناک راستے کا انتخاب کرتی ہے، لیکن یہ پُرجوش نوجوان افریقی لڑکی، حالات کے ہاتھوں بچوں کی جنسی اسمگلنگ کے چنگل میں پھنستی اور پھر محفوظ طور سے بچ نکلتی ہے۔ یہ امریکا پہنچتی ہے، تو انتقام کو ذہن میں رکھتے ہوئے بطور قاتل تربیت حاصل کرتی ہے تاکہ وہ جنسی جرائم کے گروہ کا خاتمہ کر سکے۔ مونا کو اپوزیشن کے اہم رکن سے محبت بھی ہوجاتی ہے، تاہم وہ پھر بھی اپنے عزائم سے دستبردار نہیں ہوتی، یہی اس کہانی کے پہلو ہیں، جن سے فلم بین لطف اٹھاسکتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کنگ آف بوائز
یہ فلم 2018 میں بننے والی نائیجیریا کی ایک ایسی فلم ہے، جس کا مرکزی خیال سیاسی جرائم پر مبنی ہے۔ اس فلم کےپروڈیوسر اور ہدایت کار”ــکیمی ادیتباہی“ ہیں، جواس کے اسکرپٹ نگار بھی ہیں۔ یہ کہانی الحاجہ اینیولا سلامی کی زندگی کے گرد گھومتی ہے، جو ایک کاروباری خاتون ہے، وہ مخیر حضرات کو سیاست میں لے جاتی ہے، چونکہ اس کا اصل ہدف اقتدار کی جنگ ہے، تو وہ اس مقصد کے حصول کے لیے بہت جدوجہد بھی کرتی ہے۔ وہ ایک ایسے سیاسی عزائم کی کشمکش میں مبتلا دکھائی گئی ہے، جس میں ہر اس چیز سے اس کو خطرہ لاحق ہوتا ہے، جو اسے عزیز ہے۔
اس فلم میں دکھایا گیا ہے کہ نائجیرین معاشرے کو کیسے کنٹرول کیا جارہا ہے، سماجی طور پر کیا حدود و قیود ہیں۔ اس فلم نے نائجیریا میں روز مرہ کے مسائل پر روشنی ڈالی ہے، جو گزرتے دنوں کے ساتھ وہاں کے باسیوں کے لیے آزمائش کا باعث بن رہے تھے۔ اس کہانی کو پیش کرنے کا مقصد یہ ہے کہ مسائل جتنے ہی پیچیدہ کیوں نہ ہوں ، اگر ایک فرد بھی بد عنوانی کو ختم کرنے کا عزم کرلے، تو چاہے حالات کوئی بھی رخ اختیار کریں، ان سے لڑنے والے کو شکست نہیں ہوسکتی۔ کیمی نے اس کردار کو بخوبی نبھایا اور اپنےکردارسے خوب انصاف کیا۔ فلم ساز نے اس کی فلم سازی پر بھی خطیر رقم خرچ کی، تاکہ اس کاپروڈکشن ڈیزائن شاندار ہو۔
اس فلم میںاداکار’’سولا سوبووالا‘‘ نے بہترین اداکاری سے شائقین کا دل موہ لیا اور نولی وڈ کی فلمی صنعت میں ایک گہرا تاثر چھوڑا۔ فلم کے مناظر کو عکس بند کرتے ہوئے ہر تکنیک نے اس کی خوبصورتی میں اضافہ کیا، جو قابل ِ دید ہے۔ اس میں کچھ مناظر بہت کرب انگیز دکھا ئے گئے ہیں، لیکن کہانی میں ایک سنسنی خیزی برقرار رکھی گئی، اس لیے کہاجاسکتاہے، بلا شبہ یہ ایک چشم کُشا فلم ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نمبے
یہ فلم’’نمبیــ‘‘ 29 مارچ 2019 کو نائجیریا میں ریلیز ہوئی۔ اس فلم کے دو اسکرپٹ نویس ہیں، جن میں”رونکی جبیڈے“ اور ”یاکوبواولاویلے“ شامل ہیں۔ ہدایت کاری کے فرائض ”ٹاپ الیک“ نے انجام دیے ہیں۔ فلم کے مرکزی کرداروں میں چمیزامو، ٹوئن ابراہم، راچیل اوکونکو اور ڈوئن ابیولا شامل ہیں۔ اس فلم پر ناقدین اور ناظرین نے مثبت رائے کا اظہار کیا۔ فلم نے باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کی۔اس فلم کو 2019 میں کامیاب نائجیرین فلموں میں سب سے زیادہ معاوضہ کمانے والی فلم قرار دیا گیا، اس کے ساتھ ہی فلموں کی مجموعی فہرست میںاس کا شمار59 نمبر پر کیا گیا۔ اس فلم کو 2019 یو کے نولی وڈ فلم فیسٹیول میں ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا۔
فلم کی کہانی منشیات سے جڑے مسائل، منشیات کا استعمال، وجوہات اور شناخت کی طرف اشارہ کرتی نظرآتی ہے۔ یہ فلم جرائم پیشہ عناصر، جسم فروشی، ثقا فتی برائی اور معاشرتی بدعنوانی کے موضوعات پر تشکیل دی گئی ہے۔ اس کہانی میں منشیات کے استعمال کی وجوہات اور اس مسئلے میں مبتلا افراد کو نجات دلانے کا حل بھی پیش کیا گیا ہے۔ یہ کہانی ایک نوعمر لڑکے کے گرد گھوم رہی ہے، جسے اس کے ساتھی ہمیشہ برا بھلا کہتے اور طنز کرتے ہیں، لیکن خوش قسمتی سے اسے ایک گلی کے گینگ میں اپنے لیے محبت، مطابقت اور دوستی مل جاتی ہے، جس کی بدولت وہ اتفاق سے اپنے بوڑھے پڑوسی سے ملتا ہے، جو اس گینگ میں نمایاں اور مرکزی کردارادا کر ہاہے
اس ملاقات میں وہ(چیمزی امو ) کو منشیات کی اسمگلنگ کے پر خطر راستے سے متعارف کرواتا ہے، جو اس کی زندگی کا اہم موڑ بن جاتا ہے۔ یہی وہ حالات ہیں، جن کے تحت وہ متعدد چیلنجز اور رکاوٹوں کا تجربہ کرتا ہے۔ ان تجربات اور مشاہدات کی رو سے اس کو سنگین نتا ئج کا بھی سامنا کرتا ہے۔